ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جرمنی میں شامی مہاجر کاخودکش بم دھماکہ، بارہ زخمی

جرمنی میں شامی مہاجر کاخودکش بم دھماکہ، بارہ زخمی

Mon, 25 Jul 2016 15:27:56  SO Admin   S.O. News Service

برلن25جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمن صوبہ باویریاکے شہرآنسباخ میں ایک میوزک فیسٹیول کے باہربم دھماکے میں حملہ آور شامی مہاجر ہلاک جبکہ بارہ افرادزخمی ہو گئے۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ میوزک فیسٹیول میں دو ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔صوبہ باویریاکے وزیر داخلہ یوآخم ہرمان کے مطابق بم حملے کا یہ واقعہ اتوار24جولائی کی شب جرمن شہر آنسباخ میں پیش آیا۔ حملہ آورنے میوزک کنسرٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ٹکٹ نہ ہونے کے باعث اسے داخلے سے روک دیاگیا جس کے بعداس نے فیسٹیول کے داخلی راستے پربم دھماکہ کر دیا۔یہ بم شامی مہاجر کی پشت پر لدے بیگ میں موجودتھا۔باویریا کے وزیر داخلہ کاکہناتھاکہ سکیورٹی حکام ابھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ بم دھماکا دہشت گردانہ کارروائی تھی یانہیں،تاہم اسپہلوکومستردنہیں کیاجاسکتا۔ہرمان کاکہناتھاکہ حملہ آورکے بیگ میں اتنی مقدارمیں دھماکاخیزمواداوردھاتی ٹکڑے موجود تھے جس سے کئی افراد کو ہلاک کیا جا سکتا تھا۔آنسباخ کی خاتون میئر کارڈا سائیڈل کے مطابق بم دھماکا مقامی وقت کے مطابق رات10بجے اوپن ایئر فیسٹیول کے داخلی راستے کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعدفیسٹیول منسوخ کر دیا گیا اور کنسرٹ میں شریک دو ہزار سے زائد لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ بم دھماکے میں ہلاک ہونے والا حملہ آور شامی شہری تھا جس نے دو برس قبل جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی جو پچھلے سال مسترد کر دی گئی تھی۔ تاہم اسے اس کے آبائی ملک میں حالات بہتر ہونے تک عارضی طور پر جرمنی میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی اور اسے رہائش کے لیے ایک فلیٹ بھی فراہم کیا گیا تھا۔دھماکا کرنے والا ستائیس سالہ شامی شہری دو مرتبہ خود کشی کی کوشش بھی کر چکا تھا جس کے بعد اسے نفسیاتی علاج فراہم کیا جا رہا تھا۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا، یہ انتہائی بھیانک بات ہے کہ کوئی شخص آپ کے ملک میں پناہ حاصل کرنے کے لیے آئے اور اس کے بعد میزبان ملک کے شہریوں کو ہی ہلاک کرنے کی کوشش کرے۔ یوآخم ہرمان کے مطابق سکیورٹی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی سیاسی پناہ کے نظام کا غلط استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔آنسباخ بم دھماکا جرمنی میں ایک ہفتے کے دوران چوتھا پر تشدد واقعہ ہے۔ اس سے قبل جمعے کے روز صوبہ باویریا ہی کے دارالحکومت میں ایک اٹھارہ سالہ ایرانی نژاد جرمن شہری نے فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں اس نے خود کو بھی گولی مار لی تھی۔اتوار کے روز ایک شامی پناہ گزین نے جنوب مغربی جرمن شہر روئٹلنگن میں ایک خاتون کو چاقو کے وار سے ہلاک کر دیا تھا۔ جب کہ پیر 18 جولائی کو بھی کلہاڑی سے مسلح ایک افغان تارک وطن نے صوبہ باویریا ہی میں ایک ٹرین میں سوار مسافروں پر حملہ کر کے پانچ افراد کو شدید زخمی کر دیا تھا۔


Share: